غیر قانونی ٹریول ایجنسی کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی، ایک ملزم گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی تحقیقاتی ادارے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے غیر قانونی ٹریول ایجنسیوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خفیہ اطلاع پر شاہراہ فیصل کراچی میں قائم غیر قانونی ٹریول ایجنسی پر چھاپہ مارا گیا۔کارروائی کے دوران ملزم محمد حمزہ، جو “شاہین ہالیڈیز ٹریولز اینڈ ٹورز” کا مالک بتایا جاتا ہے، کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ملزم بغیر لائسنس غیر قانونی طور پر ویزا اور ٹکٹنگ کا کاروبار کر رہا تھا اور ابتدائی تفتیش میں اس نے کئی ماہ سے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔چھاپے کے دوران مختلف افراد کے پاسپورٹس، چیک بکس، موبائل فونز، کمپنی اسٹیمپس، کمپیوٹر سسٹم اور دیگر اہم دستاویزات بھی برآمد کی گئیں۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم بیرون ملک (امریکہ، ملائیشیا اور تھائی لینڈ) کے ویزوں کے حصول کے لیے شہریوں سے پاسپورٹس اور فیس وصول کرتا تھا۔

ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 150/2026 درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ادارے نے کہا ہے کہ غیر قانونی ٹریول ایجنسیوں اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں