کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کراچی بلڈنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ریگولیشنز میں ترامیم نافذ کرتے ہوئے کمرشل پلاٹس اور عمارتوں سے متعلق نئی سخت ہدایات جاری کر دی ہیں، جن پر فوری عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فائنل کنسٹرکشن پرمٹ، کمپلیشن پلان اور این او سی کے حصول سے قبل نئے قواعد پر مکمل عمل کرنا ہوگا۔ یہ احکامات 11 فروری 2026 کے ترمیمی نوٹیفکیشن کے بعد جاری کیے گئے ہیں اور تمام زیر التوا اور آئندہ کمرشل کیسز پر بھی لاگو ہوں گے۔
نئے ضوابط کے تحت پارکنگ، پلاٹس کی سب ڈویژن اور کمرشل تعمیرات کے قوانین مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ خصوصاً فائر سیفٹی کے لیے سول ڈیفنس اور فائر بریگیڈ سے این او سی حاصل کرنا اب لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ پبلک سیل، صنعتی اور امینٹی منصوبوں میں جدید فائر فائٹنگ سسٹم کی تنصیب بھی لازمی ہوگی تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ان قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف سروس رولز 2016 کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ اتھارٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔


