پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ: سوشل میڈیا پر جنسی ہراسگی کے خلاف سی سی ڈی طرز کے ادارے کی منظوری

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پر خواتین اور بچوں کی جنسی ہراسگی، بلیک میلنگ اور آن لائن جرائم کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سائبر کرائم کیسز کا اختیار پولیس کو دینے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے سی سی ڈی طرز پر ایک نیا محکمہ قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت سوشل میڈیا پر ہراسگی کے مقدمات اب باقاعدہ درج کیے جا سکیں گے۔ اس فیصلے کے بعد پنجاب پولیس کو سائبر کرائم کیسز براہِ راست ڈیل کرنے کا اختیار حاصل ہو گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اس سے قبل پولیس کو سائبر کرائم مقدمات میں براہِ راست کارروائی سے روکا گیا تھا، تاہم نئے فیصلے سے ہراسگی، بلیک میلنگ اور دیگر ڈیجیٹل جرائم پر فوری ایکشن ممکن ہو سکے گا۔ آن لائن ہراسگی کا شکار افراد اب براہِ راست پولیس سے رجوع کر سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس کو نئے اختیارات دیے گئے ہیں، جس سے بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کو بہتر تحفظ فراہم کیا جائے گا اور سوشل میڈیا پر جرائم کے خلاف مؤثر اور تیز تر کارروائی یقینی بنائی جا سکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں