چین کےشہرسانیا میں پہلی ہنگورکلاس آبدوزکی شمولیت کی تقریب،پاکستان بحریہ کی دفاعی صلاحیت مضبوط

سانیا(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس/ایم ہنگور کی کمیشننگ کی تقریب چین کے شہر سانیا میں منعقد ہوئی۔تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہنگور کلاس آبدوز کی شمولیت پاکستان بحریہ کی جدید کاری کے سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، بحری مفادات کے تحفظ اور اقتصادی راہداریوں کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور ایک مضبوط، متوازن اور قابلِ اعتماد دفاعی نظام برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اہم سمندری گزرگاہوں میں رکاوٹیں عالمی تجارت اور توانائی کی سلامتی کے لیے بڑھتا ہوا خطرہ بن رہی ہیں، جس کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحری افواج ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ہتھیاروں، جدید سینسرز اور ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن سسٹم سے لیس ہیں، جو خطے میں بحری استحکام کے فروغ اور بحیرہ عرب سمیت وسیع بحرِ ہند میں اہم بحری راستوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گی۔ یہ آبدوزیں جارحیت کی روک تھام اور سمندری راستوں کی حفاظت میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔

نیول چیف نے کہا کہ “ہنگور” نام پاکستان کی قومی تاریخ میں اہم مقام رکھتا ہے، کیونکہ 1971 میں پہلی ہنگور آبدوز نے دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی بار کسی جنگی جہاز کو تباہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نئی ہنگور کلاس آبدوز اسی شاندار روایت کو آگے بڑھائے گی اور پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنائے گی۔

تقریب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہنگور کلاس آبدوز کی شمولیت پاکستان اور چین کی دیرینہ اور مضبوط دوستی کا ایک اور روشن باب ہے۔تقریب میں پاکستان بحریہ اور چینی بحریہ (PLA Navy) کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس تاریخی کامیابی پر پوری قوم اور پاک بحریہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں