اینٹی کرپشن کی کارروائی، ڈی جی ایس بی سی اے مزمل ہالیپوٹو کے خلاف انکوائری اچانک بند ہونے کا انکشاف

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ میں مبینہ کرپشن کےخلاف کارروائی ایک بارپھرسوالات کی زد میں آ گئی ہے،جہاں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے ڈائریکٹر جنرل مزمل ہالیپوٹو سمیت دیگر افسران کے خلاف شروع ہونے والی انکوائری اچانک روک دی گئی۔

ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے مبینہ کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر بے ضابطگیوں کے حوالے سے ڈی جی ایس بی سی اے اور دو دیگر ڈائریکٹرز کے خلاف باضابطہ انکوائری کے لیے خط جاری کیا گیا تھا۔تاہم اطلاعات کے مطابق کارروائی شروع ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی انکوائری کا عمل اچانک روک دیا گیا، جس پر مختلف حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران دباؤ اور اثر و رسوخ کے باعث فائل کو آگے نہیں بڑھایا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس اچانک پیش رفت کے بعد “نامعلوم بااثر حلقوں” کی مداخلت سے متعلق بھی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں، جبکہ محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے باضابطہ طور پر انکوائری کے روکنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔

دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ڈی جی ایس بی سی اے مزمل ہالیپوٹو اس سے قبل بھی سندھ فوڈ اتھارٹی سمیت مختلف اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں، جہاں ان کے دورِ تعیناتی سے متعلق بھی مختلف الزامات اور انتظامی سوالات ماضی میں سامنے آتے رہے ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انکوائری کو دوبارہ شروع کیا جائے اور تمام معاملات شفاف انداز میں عوام کے سامنے لائے جائیں تاکہ اداروں پر اعتماد بحال ہو سکے۔اس حوالے سے سرکاری سطح پر تاحال کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں