غیر قانونی تعمیرات کیس، اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی، ایس بی سی اے افسران طلب

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے معاملے پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے اعلیٰ افسران کے خلاف باقاعدہ انکوائری شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین ہالیپوٹو سمیت متعدد افسران کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے، جبکہ بعض افسران کو طلبی کے نوٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
خط کے مطابق ڈائریکٹر ایسٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر مبشر شیخ، آصف شیخ اور امتیاز شیخ کو بھی 6 مئی 2026 کو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اینٹی کرپشن حکام نے ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ افسران اپنے ساتھ بلڈنگ پلانز، کارروائی کی تفصیلات اور ریکارڈ پیش کریں، جبکہ ضلع ایسٹ کراچی میں مبینہ طور پر 220 پلاٹس سے متعلق مکمل دستاویزات بھی فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ افسران کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں گے اور معاملے کو “انتہائی اہم اور ہنگامی نوعیت” کا قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس انکوائری کے نتیجے میں مزید اہم انکشافات اور ممکنہ کارروائیوں کا امکان ہے، جبکہ ایس بی سی اے میں اعلیٰ سطح پر مزید گرفتاریوں یا معطلیوں کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں