کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ حکومت نے صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے تمام روٹ پرمٹس اور وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹس کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ بھر میں روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کے لیے 30 جون 2026 کو آخری تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ ٹرانسپورٹ ریگولیٹری نظام کو مکمل طور پر خودکار اور ڈیجیٹل بنایا جا سکے۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق اس اقدام کا مقصد دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو آسان، محفوظ اور شفاف بنانا ہے، جبکہ صوبے بھر میں کمرشل گاڑیوں کے تمام روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کو ڈیجیٹل نظام میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر گاڑی کے مالک اور ٹرانسپورٹر کو قابلِ تصدیق اور آن لائن دستیاب دستاویزات فراہم کی جائیں گی۔ متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں یہ عمل فوری مکمل کریں اور ٹرانسپورٹرز کو بروقت آگاہ کیا جائے۔
صوبائی وزیر کے مطابق فیلڈ دفاتر کو روزانہ 1000 اندراجات مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ 30 جون 2026 کے بعد تمام مینول روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس غیر مؤثر تصور ہوں گے اور صرف ڈیجیٹل دستاویزات ہی قابل قبول ہوں گی۔ خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے، جس سے نہ صرف شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کو سہولت ملے گی بلکہ جعلسازی کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔


