نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، صوبوں کو پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت

اسلام آباد(ایچ آراین دبلیو) میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے وفاقی حکومت نے تمام صوبوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر اپنی پیشرفت رپورٹس جمع کرائیں۔
تفصیلات کے مطابق اپیکس کمیٹی کے فیصلوں کے بعد وفاق اور صوبوں سے کارکردگی رپورٹس طلب کی گئی ہیں، جنہیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 4 مئی مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایکشن پوائنٹس پر اپ ڈیٹڈ پیشرفت فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ وزارتِ منصوبہ بندی کو سوشیو پولیٹیکل ڈومین کی مانیٹرنگ کا مرکزی کردار سونپا گیا ہے۔
تمام صوبوں اور وفاقی اداروں کو یکساں رپورٹنگ فارمیٹ فراہم کر دیا گیا ہے اور رپورٹس براہ راست اپیکس کمیٹی سیکرٹریٹ کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تاخیر یا ناقص رپورٹنگ کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی سفارشات بھی تیار کی جائیں گی۔
رپورٹس میں انتہا پسندی کے تدارک، کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کی نگرانی، مدارس کی رجسٹریشن، مدرسہ و مسجد اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق پیشرفت شامل ہوگی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ نیشنل کاؤنٹر وائلنٹ ایکسٹریمزم ایکٹ پر عملدرآمد اور سوشیو پولیٹیکل اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ حتمی ڈیٹا اپیکس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں