پشاور(ایچ آراین ڈبلیو)جنوبی وزیرستان میں پاک فوج نے فتنۃ الخوارج کی اشتعال انگیزی اور دراندازی کی کوششیں ناکام بنا دیں، جبکہ سول آبادی کو نشانہ بنانے پر افغان طالبان کو بھی بھرپور جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ میں پاک فوج نے فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوششیں بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دراندازی میں ناکامی کے بعد افغان طالبان کی جانب سے انگور اڈہ زلول خیل کی سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 شہری زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر وانا اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے سول آبادی پر حملے کے جواب میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغان جانب قائم کئی چیک پوسٹیں تباہ کر دیں۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج نے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے اور کسی بھی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔


