حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد بدین روڈ پر ٹنڈو غلام علی کے قریب اچانک روڈ پر آنے والے مویشیوں سے بچاتے ہوئے مسافر کوسٹر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 9 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے بعد حیدرآباد ریفر کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق مسافر کوسٹر تیز رفتاری سے جا رہی تھی کہ اچانک سڑک پر مویشی آ گئے، جن سے بچنے کی کوشش میں ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیا اور حادثہ پیش آیا۔ریسکیو اداروں اور مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی جا رہی ہیں۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


