کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے افسران کی جانب سے عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی میں لیت و لعل کے بعد، پٹیشنر نے ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست جمع کرانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
**واقعات کا پس منظر:**
ایڈووکیٹ ہائی کورٹ ندیم احمد کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل (DG) ایس بی سی اے کو ارسال کیے گئے قانونی نوٹس کے مطابق، سندھ ہائی کورٹ نے آئینی پٹیشن نمبر **D-585/2026** پر سماعت کرتے ہوئے ایس بی سی اے کی ایپلیٹ کمیٹی کو حکم دیا تھا کہ وہ 15 روز کے اندر شہری سلمان فضل کی پلاٹنمبر غ231/A، بلاک 2 پی ای سی ایچ ایس یر قانونی تعمیرات سے متعلق شکایات کا ازالہ کرے۔
**نوٹس کے اہم نکات:**
* **حکم کی خلاف ورزی:** ہائی کورٹ کے حکم پر ایپلیٹ کمیٹی نے 11 مارچ 2026 کو ڈائریکٹر (ڈسٹرکٹ ایسٹ) اور متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر کو فوری سائٹ انسپکشن اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت جاری کی تھی۔
* **مجرمانہ غفلت:** نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 40 دن سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ڈسٹرکٹ ایسٹ کے افسران نے نہ تو جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور نہ ہی کسی قسم کی تادیبی کارروائی شروع کی۔
* **قانونی موقف:** وکیل کے مطابق یہ طرزِ عمل محض انتظامی سستی نہیں بلکہ سندھ ہائی کورٹ کے مینڈیٹ کی صریحاً توہین اور “سندھ سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز” کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
**تازہ ترین صورتحال:**
ذرائع کے مطابق، ڈی جی ایس بی سی اے کو جاری کیے گئے اس نوٹس میں دی گئی مہلت ختم ہو چکی ہے، تاہم متعلقہ حکام ٹس سے مس نہیں ہوئے۔ عدالتی احکامات کی اس دانستہ حکم عدولی پر پٹیشنر کی قانونی ٹیم نے اب سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں متعلقہ افسران کے خلاف **توہینِ عدالت (Contempt of Court)** کی کارروائی کے لیے باقاعدہ درخواست دائر کی جا رہی ہے۔ جس میں ڈی جی ایس بی سی اے مزمل حسین ہالیپوٹہ، چئیرمین اپیلٹ کمیٹی فرحان قیصر، سابق ڈائریکٹر ایسٹ شاہد خشک، موجودہ ڈائریکٹر ایسٹ سمیع جملانی، ڈپٹی ڈائریکٹر امتیاز شیخ، آصف شیخ اور بلڈر کو پارٹی فریق بنایا جائے گا
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اعلیٰ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود نچلے درجے کے افسران کی جانب سے فائلیں دبائے رکھنا عدالتی نظام کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے، جس کی سزا متعلقہ افسران کی معطلی یا قید کی صورت میں بھی نکل سکتی ہے۔


