اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 2 ارب ڈالر کی ادائیگی کر دی ہے، جو سیف ڈپازٹ کے طور پر پاکستان کے اکاؤنٹ میں موجود رقم تھی۔
ذرائع کے مطابق حالیہ بین الاقوامی معاشی صورتحال کے پیش نظر یو اے ای نے رقم کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا، جس کے بعد پاکستان نے ادائیگی کا فیصلہ کیا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رقم 6 فیصد سالانہ شرح سود پر پاکستان کے پاس موجود تھی، جبکہ یو اے ای اس ڈپازٹ کو پہلے سالانہ بنیادوں پر رول اوور کرتا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق دسمبر 2025 میں اس رقم کو پہلے ایک ماہ اور بعد ازاں دو ماہ کے لیے بھی رول اوور کیا گیا تھا۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کو حال ہی میں سعودی عرب کی جانب سے بھی 2 ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں، جبکہ سعودی عرب نے پاکستان کو مزید 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کی یقین دہانی کرائی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر اور مالی استحکام کے تناظر میں اہم قرار دی جا رہی ہے۔


