فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل

راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، NI (M)، HJ، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے وفد کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر لیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جبکہ انہوں نے ایرانی قومی اسمبلی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور کمانڈر خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر میجر جنرل علی عبدللہی سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں خطے میں پائیدار امن کے قیام پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں بدلتی ہوئی علاقائی سیکیورٹی صورتحال، جاری سفارتی رابطوں اور پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے بات چیت، کشیدگی میں کمی اور مسائل کے پرامن حل کے لیے مسلسل سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے شاندار مہمان نوازی پر گہری قدردانی کا اظہار کیا اور صدر، وزیراعظم اور پاکستان کے عوام کی جانب سے نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ دورہ مشرق وسطیٰ کے تنازع کے پرامن مذاکراتی حل، اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں