کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ضلع کیماڑی میں موچکو چیک پوسٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر قانونی چھالیہ اور انڈین گٹکا برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق چتارا بائی پاس کے قریب ندی کنارے ڈمپ کیے گئے سامان پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے 20 من سے زائد چھالیہ اور گٹکا برآمد ہوا۔ برآمدہ مال میں 79 بورے چھالیہ شامل ہیں جن کا مجموعی وزن 826 کلوگرام بتایا گیا ہے، جبکہ 1100 عدد ماوا کی پڑیاں اور 6300 عدد انڈین گٹکا کی پڑیاں بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق غیر قانونی چھالیہ اور گٹکا کچے راستوں کے ذریعے اسمگلنگ کی غرض سے ندی کنارے ڈمپ کیا گیا تھا۔
پولیس نے برآمد شدہ مال اپنی تحویل میں لے کر تھانہ موچکو میں مقدمہ نمبر 215/26 درج کر لیا ہے، جبکہ اس کارروائی میں ملوث ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی اشیاء کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔


