چیتا گینگ کے 2 ملزمان گرفتار، متعدد وارداتوں کا انکشاف

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے کورنگی کے علاقے سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “چیتا گینگ” کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ محمد حسین ولد محمد ایوب اور اس کا ساتھی عبدالواحد ولد پایو خان شامل ہیں۔

رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک موٹرسائیکل (بغیر کاغذات)، تین موبائل فونز، ایک جعلی سرکاری شناختی کارڈ، نجی سکیورٹی کمپنی کا بیلٹ اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم محمد حسین خود کو سکیورٹی اہلکار ظاہر کر کے شہریوں کو لوٹنے میں ملوث تھا، جبکہ عبدالواحد چوری شدہ سامان فروخت کرنے کا کام کرتا تھا۔

ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے کورنگی اور ملحقہ علاقوں میں 100 سے زائد ڈکیتی، موٹرسائیکل چوری اور موبائل چھیننے کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

رینجرز کے مطابق ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ یا ہیلپ لائن 1101 پر دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں