ٹریفک وارڈن کے گھر ڈیڑھ کروڑ روپے کی ڈکیتی، اہلخانہ یرغمال

فیصل آباد(ایچ آراین ڈبلیو) چک جھمرہ کے علاقے میں ٹریفک وارڈن اخلاق احمد کے گھر مبینہ طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی ڈکیتی کی واردات پیش آئی ہے، جس میں ڈاکو اہلخانہ کو یرغمال بنا کر قیمتی سامان اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق واردات واپڈا سٹی فیصل آباد کے (K) بلاک میں پیش آئی، جہاں 2 گاڑیوں میں سوار تقریباً 10 افراد گھر میں داخل ہوئے۔ ملزمان میں سے ایک نے خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کیا اور اہلخانہ کو بتایا کہ گھر میں غیر ملکی کرنسی کی اطلاع ملی ہے، جس پر تلاشی کے بہانے گھر میں داخل ہو گئے۔

بعد ازاں ڈاکوؤں نے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر گھر سے 22 تولہ سونا، ہیرے کی انگوٹھیاں اور لاکھوں روپے نقدی لوٹ لی۔ ابتدائی اندازے کے مطابق مجموعی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس پنجاب اور ڈی ایس پی سرکل نشاط آباد رانا ندیم موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔

پولیس کے مطابق واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے کی ناکہ بندی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں