بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کی تقرریوں کے خلاف درخواست مسترد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)Benazir Bhutto Shaheed University Lyari کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کی تقرریوں کے خلاف دائر درخواست عدالت نے مسترد کر دی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ تقرریوں میں کسی قسم کی غیر قانونی کارروائی ثابت نہیں ہوئی، لہٰذا عدالتی مداخلت کی کوئی بنیاد موجود نہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر مطلوبہ اہلیت پر پورا نہیں اترتے جبکہ رجسٹرار نے نوٹیفکیشن سے قبل ہی عہدہ سنبھال لیا تھا، اور یہ تقرریاں سندھ یونیورسٹی ترمیمی ایکٹ کی خلاف ورزی ہیں۔
دوسری جانب یونیورسٹی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے مکمل حقائق پیش نہیں کیے اور خود بھی محکمانہ کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔ سرکاری وکیل کے مطابق وائس چانسلر کی تقرری تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد شفاف طریقے سے کی گئی، جبکہ سرچ کمیٹی کی سفارش پر وزیراعلیٰ سندھ نے منظوری دی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ تقرری کے وقت قانون میں پی ایچ ڈی کی شرط لازمی نہیں تھی، جبکہ رجسٹرار کی تقرری عارضی بنیادوں پر کی گئی ہے۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق بعد میں ہونے والی ترامیم کا اطلاق ماضی پر نہیں ہوتا، اور عدالت صرف تقرری کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیتی ہے نہ کہ اہلیت کا۔
عدالت نے مزید کہا کہ کیس میں ایسی کوئی غیر قانونی بات سامنے نہیں آئی جس کی بنیاد پر عدالتی مداخلت ضروری ہو، لہٰذا درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں