سندھ میں آوارہ کتوں اور ویکسین کی عدم دستیابی سے متعلق کیس، عدالت نے رپورٹ طلب کرلی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ میں آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے اور ریبیز ویکسین کی عدم دستیابی سے متعلق کیس کی سماعت عدالت میں ہوئی، جہاں عدالت نے سیکریٹری بلدیات سے جامع پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔
درخواست گزار Tariq Mansoor Advocate نے عدالت کو بتایا کہ سال 2025 کے دوران صوبے میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں 22 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ صرف کراچی میں 41 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق لوکل گورنمنٹ کے ماتحت ہسپتالوں میں ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین دستیاب نہیں، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
سندھ حکومت کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ویکسین کی فراہمی اور دیگر انتظامی امور کی ذمہ داری ڈی ایم سیز اور ٹی ایم سیز پر عائد ہوتی ہے۔
درخواست گزار نے مزید بتایا کہ عدالت نے 2024 میں آوارہ کتوں کی آبادی کے کنٹرول اور ریبیز کنٹرول پروگرام کے نفاذ کا حکم دیا تھا، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود یہ پروگرام تاحال شروع نہیں کیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ہیلپ لائن 1093 بھی غیر فعال ہے، جس کے باعث شہری شکایات درج نہیں کرا پا رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں