عدالتوں میں ٹیکس کیسز کا انبار، 5457 ارب روپے سے زائد رقم التوا کا شکار

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) ملک بھر کی عدالتوں اور اپیلٹ ٹریبونلز میں ٹیکس سے متعلق کیسز کی بڑی تعداد زیرِ التوا ہے، جن میں مجموعی طور پر 5 ہزار 457 ارب روپے سے زائد رقم پھنس گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران زیرِ التوا ٹیکس کیسز میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ان کیسز کی مالیت 3760 ارب روپے سے بڑھ کر 5457 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) ان رقوم کی وصولی میں تاحال کامیاب نہیں ہو سکا۔
اعداد و شمار کے مطابق اپیلٹ ٹریبونلز میں زیرِ التوا ٹیکس کیسز کی مالیت 3330 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مختلف عدالتوں میں بھی اربوں روپے کے کیسز زیرِ سماعت ہیں۔
سپریم کورٹ میں 3277 کیسز کے تحت 169 ارب روپے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں 1979 کیسز میں 482 ارب روپے، جبکہ لاہور ہائیکورٹ میں سب سے زیادہ 7 ہزار 490 کیسز میں 963 ارب روپے التوا کا شکار ہیں۔
اسی طرح سندھ ہائیکورٹ میں 2081 کیسز میں 480 ارب روپے، پشاور ہائیکورٹ میں 241 کیسز میں 27 ارب روپے اور بلوچستان ہائیکورٹ میں 37 کیسز میں 6 ارب روپے کے ٹیکس معاملات زیرِ التوا ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر عدالتوں میں 11 ہزار 938 ٹیکس کیسز میں تقریباً 1958 ارب روپے جبکہ اپیلٹ ٹریبونلز میں 21 ہزار 700 کیسز میں 3330 ارب روپے سے زائد رقم پھنس چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم Shehbaz Sharif نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے جلد سماعت اور کیسز کے فیصلوں کے لیے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں