اسلام آباد/کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 9 کارروائیوں کے دوران 2 خواتین سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 1 کروڑ 77 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 141.32 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
تعلیمی اداروں کے اطراف کارروائیاں
حیدرآباد میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
دیگر نمایاں کارروائیاں
اسلام آباد ایئرپورٹ پر دمام جانے والے ایک مسافر کے سامان میں مٹھائی کے ڈبوں سے 692 گرام وزنی 4750 زینیکس گولیاں برآمد کی گئیں۔آبپارہ اسلام آباد میں واقع ایک کوریئر آفس میں یوکے جانے والے پارسل سے 30 گرام ہیروئن پکڑی گئی۔سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 27 کلوگرام چرس اور 3.6 کلوگرام افیون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب دو ملزمان کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔غازی گھٹ ٹول پلازہ کے قریب ٹرک سے 8 کلوگرام آئس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جہاں 2 خواتین سمیت 5 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
موٹر وے ٹول پلازہ پشاور کے قریب ایک مسافر کے قبضے سے 2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔زیارت کراس کوئٹہ کے قریب گاڑی سے 80 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


