کراچی میں معذور کوٹہ پر بھرتیوں سے متعلق درخواست، عدالت کا اہم فیصلہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے تمام اضلاع میں معذور کوٹہ پر بھرتی نہ کیے جانے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران عدالت نے اہم احکامات جاری کر دیے۔

دو رکنی آئینی بینچ نے سماعت کے بعد کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ تمام خالی آسامیوں پر دو ماہ کے اندر بھرتیوں کا عمل مکمل کریں۔ عدالت نے واضح حکم دیا کہ معذور کوٹہ پر جتنی آسامیاں خالی ہیں، انہیں ہر صورت پُر کیا جائے۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل منصور نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کراچی میں مختلف سرکاری محکموں میں تین ہزار سے زائد آسامیاں خالی ہیں، جبکہ پڑھے لکھے معذور افراد کو سرکاری ملازمتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ قانون کے مطابق سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد معذور کوٹہ مختص ہے، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ معذور کوٹہ پر مؤثر عملدرآمد کرایا جائے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواستیں نمٹا دیں اور متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں