کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) نجی اسکول کی جانب سے جون اور جولائی کی فیس قبل از وقت طلب کرنے کے معاملے پر عدالت نے نویں جماعت کے طالبعلم کو امتحان میں بیٹھنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسکول انتظامیہ نے جون اور جولائی کی فیس کے چالان مقررہ وقت سے پہلے جاری کیے، جبکہ محکمہ تعلیم کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق جون اور جولائی کی فیس اپریل اور مئی میں وصول کی جانی چاہیے۔ وکیل کے مطابق طالبعلم کی تمام واجب الادا فیس ادا کی جا چکی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ قبل از وقت فیس کے مطالبے پر متعلقہ حکام کو شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جس پر عدالت سے رجوع کیا گیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار طالبعلم کو بغیر کسی رکاوٹ کے امتحان میں شرکت کی اجازت دی جائے، تاہم طالبعلم کا نتیجہ آئندہ سماعت تک جاری نہ کیا جائے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت مقررہ تاریخ تک ملتوی کر دی ہے۔


