کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ٹرٹل بیچ کراچی کے قریب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین کی سربراہی میں چلنے والے مبینہ جوئے کے اڈے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ماڑی پور پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر بڑی کارروائی کی، جس کے دوران انتہائی مطلوب ملزمہ زبیدہ عرف ادیبہ سمیت 40 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد کی داؤ پر لگی رقم، جوئے میں استعمال ہونے والا سامان اور دیگر گیمبلنگ میٹریل برآمد کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ زبیدہ عرف ادیبہ شہر میں جوئے کے منظم نیٹ ورک کی مبینہ سرغنہ تھی اور کافی عرصے سے پولیس کو مطلوب تھی۔
پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔


