34

فیصل آباد میں پولیس مقابلہ،11 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد(ایچ آراین ڈبلیو)سمن آباد میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 11 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت حمیر علی کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تھانہ سمن آباد کے ایس ایچ او طالش عباس پولیس نفری کے ہمراہ ایڈن ویلاز کے قریب گشت پر موجود تھے۔ اس دوران چار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا تبادلہ رکنے پر ایک ملزم حمیر علی زخمی حالت میں زمین پر پڑا ملا، جو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا، جبکہ دیگر ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

پولیس نے زخمی ملزم کے قبضے سے ایک پسٹل اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ ملزم کو فوری طور پر علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے شہر بھر میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں