کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو)بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 20 مارچ سے شروع ہونے والی بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 13 بچے اور 7 مرد شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق موسلا دھار بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 17 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں 11 بچے، 4 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارشوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 65 مویشی ہلاک ہوئے جبکہ 167 گھروں کو نقصان پہنچا۔ متاثرہ گھروں میں سے 35 مکمل طور پر تباہ جبکہ 132 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
ادارے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور متاثرین کو ضروری امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


