کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیوکراچی بفر زون سیکٹر15 بی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق زکریا کیفے کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل عاصم زخمی ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی کانسٹیبل کا تعلق تھانہ جوہر آباد سے ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور انہیں شبہ ہوا کہ پولیس انہیں پکڑنے کی کوشش کر رہی ہے، جس پر ایک ملزم نے نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے دوران ایک گولی کانسٹیبل عاصم کے ماتھے کو چھوتی ہوئی گزر گئی، جبکہ دیگر گولیاں قریبی دکانوں کے شٹر اور دیوار سے ٹکرائیں۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کر لیے۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے بعد ازاں اسے بہتر علاج کے لیے آغا خان اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


