حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد کی فرسٹ جوڈیشل مجسٹریٹ سیکنڈ ماڈل کورٹ کی جج عالیہ سحر نے معروف ٹک ٹاکر بشیر عرف مخدوم جنید جانی کو سائبر کرائم دادو کیس میں 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالتی کارروائی کے دوران ملزم کے وکیل ایڈووکیٹ ارون کمار نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق سائبر کرائم پولیس کو 60 دن کے اندر چالان پیش کرنا تھا، تاہم 7 ماہ گزرنے کے باوجود چالان عدالت میں جمع نہیں کرایا گیا۔
وکیل نے مزید کہا کہ فریادی اور پولیس کی عدم پیروی کے باعث ملزم بلاجواز جیل میں قید رہا۔
یاد رہے کہ یہ مقدمہ دادو کے اے سیکشن تھانے میں جی تو جمالي کی مدعیت میں کردار کشی اور سنگین دھمکیوں کے الزامات کے تحت درج کیا گیا تھا، جو بعد میں ایف آئی اے کو منتقل ہو کر سائبر کرائم کورٹ میں زیرِ سماعت آیا۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد ضمانت منظور کرلی، تاہم ملزم مخدوم جنید جانی کے خلاف کراچی، دادو اور سکھر میں دیگر مقدمات بھی درج ہیں، جس کے باعث وہ اس وقت سکھر جیل میں قید ہے۔


