کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ منگھوپیر پولیس نے چھالیہ کی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزمان اپنی سوزوکی گاڑی میں چھالیہ اسمگل کرکے شہر کراچی میں سپلائی کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
پولیس نے ناکہ بندی پوائنٹ پر چیکنگ کے دوران مشکوک گاڑی کو روکا اور تلاشی لینے پر بڑی مقدار میں چھالیہ برآمد کرلی۔
برآمد شدہ چھالیہ 7 بوروں میں موجود تھی جس کا مجموعی وزن 75 کلوگرام بتایا گیا ہے۔ پولیس نے اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی سوزوکی گاڑی بھی قبضے میں لے لی ہے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت دلدار ولد محمد رحیم، دل شیر ولد محمد یوسف اور ہاشم ولد عبد الکریم کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان، گاڑی اور برآمد شدہ چھالیہ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کیا جا رہا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔


