کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ڈسٹرکٹ سٹی پولیس ساؤتھ زون نے منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پیشہ ور منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ بغدادی کی حدود میں خفیہ اطلاع پر کی گئی ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت صغیر کے نام سے ہوئی ہے جو علاقے میں منشیات کی سپلائی میں ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے خطرناک منشیات کرسٹل (آئس) برآمد کی گئی جسے تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اس سے قبل بھی منشیات کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے اور رہائی کے بعد دوبارہ اسی غیر قانونی دھندے میں ملوث پایا گیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کے لیے اسے انویسٹیگیشن حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہر میں منشیات کے کاروبار کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ نوجوان نسل اور معاشرے کو اس لعنت سے محفوظ بنایا جا سکے۔


