کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سنگھار ملک کی ہدایات پر تھانہ سعیدآباد پولیس نے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف رات دیر گئے کارروائی کی۔ ایس ایچ او پرویز علی سولنگی کی سربراہی میں چوکی انچارج شہید مختار گھمن بابر مشتاق تنولی اور ٹیم علاقے میں گشت پر مامور تھے۔
پولیس کے مطابق گشت کے دوران موٹر سائیکل سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا اور ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج ہلاک ہو گیا۔
ہلاک ملزم کی شناخت بلال کے طور پر کی گئی، جو پیشگی مجرمانہ ریکارڈ رکھتا تھا۔ اس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور تھانہ مدینہ کالونی کے علاقے کی مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ ہلاک ملزم مختلف مقدمات میں مطلوب تھا، جن میں مقدمہ نمبر 562/2023، 564/2023 اور 105/26 شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق 5 اپریل کو ہلاک ملزم نے علی چوک سعیدآباد میں پیدل چلتے شہری کو لوٹنے کی کوشش کی اور فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں شہری فراز احمد جاں بحق ہو گیا تھا۔
ہلاک اور فرار ملزمان کے خلاف تھانہ سعیدآباد میں مقدمات نمبر 109/26 اور 110/26 درج کر دیے گئے ہیں، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے اور توقع ہے کہ اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
ایس ایس پی ضلع کیماڑی نے کہا کہ شہریوں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کا عمل جاری رہے گا اور جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔


