جامشورو(ایچ آراین ڈبلیو) ظفر صدیق چھانگا کے خصوصی احکامات کی روشنی میں جامشورو پولیس کی منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جس کے دوران ایک بدنام زمانہ منشیات ڈیلر کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی ایس پی کوٹری شاہنواز جوکھیو اور ڈی ایس پی (یو ٹی) عزیز جمیل کی نگرانی میں ایس ایچ او جامشورو انسپیکٹر امتیاز علی لارک اور 15 مددگار انچارج جامشورو حامد اوٹھو کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا گیا۔
کارروائی کے دوران بدنام زمانہ منشیات ڈیلر اکرم کو گرفتار کر کے موقع سے مضر صحت منشیات Z-21 برآمد کر لی گئی۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا نے کہا کہ ملزم کے خلاف پہلے بھی 5 مقدمات میں چالان ہو چکا ہے اور ایک مقدمے میں سزا یافتہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منشیات فروشوں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔


