کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سفید پوش اور ملازمت پیشہ افراد کے لیے موٹر سائیکلوں کی تقسیم کی باوقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی خالد آرائیں تھے۔
یہ تقریب مولانا طارق جمیل فاؤنڈیشن اور لندن سے آنے والی این جی او وائٹی ٹریز ویلفیئر اینڈ ایجوکیشن کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی، جس کا مقصد مستحق افراد کو سفری سہولت فراہم کرنا اور روزگار کے بہتر مواقع مہیا کرنا تھا۔
اس موقع پر مستحق افراد میں موٹر سائیکلیں تقسیم کی گئیں اور تقریب بائیک سپورٹ اینڈ لائیولی ہڈ امپاورمنٹ پروگرام کا حصہ تھی، جس کے تحت افراد کو خود کفیل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مہمانِ خصوصی خالد آرائیں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مثبت اور قابلِ تحسین قدم ہے، جو نہ صرف سفری سہولت فراہم کرے گا بلکہ روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ کرے گا۔ تقریب میں انہوں نے مستحق افراد میں موٹر سائیکلوں کی چابیاں بھی تقسیم کیں۔
منتظمین نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے اقدامات کے ذریعے مزید افراد کو خود کفیل بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔


