کراچی(ایچ آراین ڈبلیو ) ممتاز عالمِ دین اور بین الاقوامی دینی درسگاہ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے کہا ہے کہ جنگیں تباہی اور انسانی المیوں کو جنم دیتی ہیں، ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، جس پر وزیرِ اعظم پاکستان اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔
جنہوں نے ایک طرف مسلم اُمہ کو باہمی تصادم سے روکا تو دوسری جانب جنگ بندی کے میں بھی اہم اور مثبت کردار ادا کیاہے، مشکل ترین وقت میں قائدانہ کردار سے پاکستان نے تاریخ رقم کی،مسلم امہ کا باہمی اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔ پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ علماء کرام کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا مشکل دور سے گزر رہی ہے، جہاں معاشی چیلنجز اور جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں، پاکستان دنیا کےلئے قائدانہ کردار ادا کررہاہے،امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں جنگ بندی کے معاہدے کے مسودے کی تیاری پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے، پاکستان کا یہ قائدانہ کردار پوری قوم کےلئے قابل فخر ہے،انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی ان کوششوں پر وزیرِ اعظم پاکستان اور بالخصوص آرمی چیف فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی دوراندیش قیادت خراج تحسین کے مستحق ہیں،جن کی بہترین سفارتی کاری نہ صرف قومی وقار میں اضافے کا باعث بنی ہے بلکہ عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کیا ہے۔
ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ یہ مزید تباہی اور انسانی المیوں کو جنم دیتی ہے، جبکہ اسلام امن، رواداری اور مصالحت کا درس دیتا ہے اور بحثیت مسلمان ہمیں جنگ کی خواہش نہیں کرنی چاہیے اور اسلام سب سے زیادہ امن کا داعی ہے اور مسلمہ امہ کا اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے ۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی ان کوششوں کو بارآور فرمائے اور دنیا کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے۔


