کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرمین کراچی گرینڈ الائنس، محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ ظالم حکمرانوں کے خلاف کلمہء حق بلند کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے مہنگائی کا طوفان اٹھا کر غریب آدمی سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ اسلم خان نے کہا کہ اگر اب بھی عوام کے حق کے لیے متحد نہ ہوئے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبہ ہزارہ تحریک کے چیف آرگنائزر خورشید علی ہزاروی نے کہا کہ کراچی میں پیدا ہونے والے ہر قومیت کے لوگوں کا جینا مرنا کراچی کے ساتھ جڑا ہوا ہے، اور ہمیں مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
ڈیموکریٹک موومنٹ پاکستان کے چیف آرگنائزر محمد اشرف نے کہا کہ کراچی کو اس کی حیثیت کے مطابق مقام دیا جائے اور اسے پاکستان کے اہم حصے کے طور پر تسلیم کیا جائے۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں ہر حلقے سے مشترکہ امیدوار ایک پلیٹ فارم اور ایک انتخابی نشان کے ساتھ کھڑے کیے جائیں گے۔
اس موقع پر مختلف سماجی تنظیموں کے سرکردہ افراد بھی موجود تھے جن میں پاکستان مسلم الائنس کے مرکزی رہنما رمضان علی، رزاق خاموش، پنجابی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین مرزا سلیم بیگ، سید مشرف علی شاہ، سلیم صدیقی، سید طلحہٰ حسینی، عمران خان یوسفزئی، شامیر بیابانی سمیت دیگر شامل تھے۔


