کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے سابق سیکرٹری عمران چشتی کی جانب سے میرپورخاص تقرری کے خلاف دائر درخواست عدالت نے ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔
درخواست گزار عمران چشتی، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے ملازم ہیں، اور ان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مئی 2023 میں انہیں میرپورخاص رپورٹ کرنے کا حکم بدنیتی اور اختیارات سے تجاوز پر مبنی ہے۔
تاہم، سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست گزار ڈیپوٹیشن پر تعینات تھے اور ڈیپوٹیشن پر موجود ملازم کو کسی بھی وقت واپس بھیجا جا سکتا ہے۔ مزید برآں، سپریم کورٹ نے بھی ڈیپوٹیشن پر تعیناتیاں آئین کے منافی قرار دی ہیں، اور درخواست گزار کی اسی نوعیت کی متعدد درخواستیں اعلیٰ عدالتوں سے پہلے ہی مسترد ہو چکی ہیں۔
عدالت نے کہا کہ نوٹیفکیشنز متعلقہ آرڈیننس کے تحت انتظامی اقدامات ہیں، اور درخواست گزار کی جانب سے بدنیتی کا مؤقف واضح اور ٹھوس شواہد سے ثابت نہیں کیا گیا۔ سندھ بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آرڈیننس 1972 کے تحت ایسے معاملات میں مقدمہ دائر کرنے پر پابندی عائد ہے۔
عدالت نے بادی النظر میں درخواست کو قانونی جواز سے محروم اور قانوناً ناقابل سماعت قرار دیا۔


