کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے جنجال گوٹھ میں رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مانی گینگ سے تعلق رکھنے والے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ گرفتار افراد میں شاہزیب عرف انڈہ، حاضر احمد عرف پٹ سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور غیر قانونی پستول، موبائل فون، ٹیبلٹ اور نقدی برآمد کی گئی۔ ترجمان کے مطابق ملزمان ناردرن بائی پاس، گلشنِ معمار اور اطراف کے علاقوں میں جرائم کی وارداتوں میں سرگرم تھے۔
رینجرز ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کو اسلحہ اور مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


