کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ضلع ویسٹ کے تھانہ اورنگی کی حدود میں سیکٹر 12، ارکان گراؤنڈ کے قریب پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت سید جری ولد سید نجم حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خولز، دو عدد موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے زیرِ استعمال موٹر سائیکل کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے، جس کے حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ساتھی ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جبکہ اس کا کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔


