کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے علاقے رحمانیہ موڑ، سیکٹر 12D لیاری ندی کے کنارے پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک اور ملزم کو بلا ضرب گرفتار کیا گیا۔ یہ بات ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے بتائی۔
پولیس کے مطابق دورانِ پیٹرولنگ مشتبہ ملزمان نے رکنے کے اشارے پر پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس پر پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کی۔ پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا جسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرے ملزم کو بغیر کسی مزاحمت کے حراست میں لے لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت واصف حسین اور رحمت اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو عدد 30 بور پسٹل، ایک موبائل فون (ٹیکنو اسپارک) اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔ برآمد موٹر سائیکل کا ریکارڈ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ تھانہ زمان ٹاؤن کی حدود سے سرقہ شدہ ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ان کا کرمنل ریکارڈ حاصل کرنے کے ساتھ مزید تفتیش بھی جاری ہے۔


