کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ آگاہی برائے آٹزم کے موقع پر کہا کہ آٹزم کوئی مرض نہیں بلکہ ایک نیورولوجیکل کیفیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر زندگی قیمتی ہے اور آٹزم کے حامل افراد بھی سماج کا اہم حصہ ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آٹزم سے متعلق آگاہی کے ساتھ قبولیت اور شمولیت کو فروغ دینے پر زور دیا اور خصوصی افراد کو تعلیم، صحت اور روزگار میں مساوی مواقع دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آٹزم افراد کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور شمولیتی و ہمدرد سماج ہی مضبوط مستقبل کی ضمانت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے آٹزم کے شعبے میں نمایاں اقدامات کیے ہیں اور سینٹر فار آٹزم، ریہیبلیٹیشن اینڈ ٹریننگ (C-ARTS) پاکستان کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ پیپلز پارٹی حکومت نے سنہ 2018 میں گلستانِ جوہر، کراچی میں پہلا سی-آرٹس مرکز قائم کیا۔
سندھ بھر میں 9 آٹزم سینٹرز فعال ہیں، جن میں کراچی، کورنگی، اورنگی، حیدرآباد، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ اور نوابشاہ میں مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ سندھ حکومت آٹزم سینٹرز میں مفت علاج، تربیت اور دیگر خدمات فراہم کرتی ہے، جن میں اسپیشل اسپیچ تھراپی، بیہیویئر تھراپی، آکیوپیشنل تھراپی شامل ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ آٹزم کوئی مرض نہیں بلکہ مختلف اندازِ زندگی ہے اور ہر فرد کو برابری، عزت اور مواقع دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سندھ حکومت اس ماڈل کو مزید شہروں تک پھیلانے کا عزم رکھتی ہے۔


