کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شاہ لطیف پولیس نے یار محمد گوٹھ کے قریب ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد کو روکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم بروقت کارروائی سے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول بمعہ ایمونیشن، تین موبائل فونز، 5 ہزار سے زائد نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ برآمد ہونے والی موٹر سائیکل کا ریکارڈ AVLC حکام سے چیک کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ارشد علی اور حسن ہیں، جو شاہ لطیف ٹاؤن سمیت مختلف تھانوں کی حدود میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ دونوں ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے چند روز قبل شہریوں سے اسلحہ کے زور پر واردات کی تھی۔ ملزمان کے قبضے سے برآمد اسلحہ فرانزک/کیمیکل تجزیے کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
شاہ لطیف پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔


