کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیو کراچی میں صبا سینما کے قریب پولیس مقابلے کے دوران دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف جاری مہم کے تحت انجام دی۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر کی گئی۔ تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی پولیس نے صبا سینما کے قریب مشتبہ ملزمان کو روکا تو انہوں نے فائرنگ کر دی، جس پر جوابی کارروائی میں دونوں ملزمان زخمی ہو گئے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت نادر علی اور محمد ابراہیم کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 9 ایم ایم پسٹل بمعہ لوڈ میگزین، ایک عدد 30 بور پسٹل بمعہ لوڈ میگزین، دو موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے، جس کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ان کی شناخت کی گئی، جس میں انہیں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان نے 24 فروری 2026 کو سیکٹر 5 ایف میں شہری احمد سے اسلحہ کے زور پر موبائل فون اور پرس چھینا تھا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھی۔ اس واردات کا مقدمہ نمبر 159/2016 بجرم دفعہ 397/34 تعزیراتِ پاکستان تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں درج ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے مزید کرمنل ریکارڈ اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔


