کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان رینجرز(سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے درخشاں میرج لان کے قریب اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث کاکا گینگ کے تین ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں جہانزیب ولد جاوید، لونگ ولد کھمبو اور محمد منیر عرف ہنی ولد فیاض احمد شامل ہیں۔ ملزمان کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایک شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن (بغیر لائسنس)، دو موٹر سائیکلیں، تین موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔
ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ کراچی کے مختلف علاقوں شاہ لطیف ٹاؤن، منزل پمپ، ہسپتال چورنگی، شہر یار ٹاؤن اور یونس چورنگی میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسلحے کے زور پر موبائل فونز اور نقدی چھیننے سمیت ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
ملزم محمد منیر نے مزید بتایا کہ وہ فیکٹری ایریا میں ریکی کے بعد تنخواہ والے دن فیکٹری ملازمین سے تنخواہیں لوٹنے میں بھی ملوث رہا ہے جبکہ جرائم پیشہ افراد کو کرائے پر موٹر سائیکلیں بھی فراہم کرتا تھا۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزمان کو اسلحہ، ایمونیشن اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے مشتبہ عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر اطلاع دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔


