40

حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کی رکنیت کی تجدید کیلئے 31 مارچ آخری تاریخ مقرر

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی رکنیت کی تجدید کے لیے 31 مارچ 2026 آخری تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔ مقررہ تاریخ تک رکنیت کی تجدید نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت ازخود ختم تصور کی جائے گی۔

چیمبر کے سیکریٹری جنرل فرقان احمد لودھی نے تمام اراکین کو مطلع کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیمبر کی رکنیت برائے سال 2025-2026 کی مدت 31 مارچ 2026 کو ختم ہو رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری، فیڈرل منسٹری آف کامرس اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز سے باقاعدہ رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ شہر کا واحد چیمبر ہے۔

فرقان احمد لودھی کے مطابق ٹریڈ آرگنائزیشنز ایکٹ و رولز 2013 اور چیمبر کے میمورنڈم اینڈ آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن کے تحت تمام اراکین کے لیے 31 مارچ تک رکنیت کی تجدید کروانا قانونی طور پر لازم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بڑی تعداد میں معزز اراکین اپنی رکنیت بروقت تجدید کروا چکے ہیں، تاہم جن اراکین نے تاحال فیس جمع نہیں کرائی، وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنی رکنیت کی تجدید مکمل کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ رکنیت کی تجدید کے لیے مقررہ فیس کے ساتھ انکم ٹیکس ریٹرن برائے سال 2025 کی کاپی جمع کرانا ضروری ہے۔ آخری تاریخ کے بعد ڈی جی ٹی او قوانین کے تحت رکنیت خود بخود ختم تصور کی جائے گی، جبکہ بعد میں تجدید کی صورت میں لیٹ فیس بھی لاگو ہوگی۔

آخر میں سیکریٹری جنرل نے تمام معزز اراکین سے اپیل کی کہ وہ اپنی مستقل رکنیت برقرار رکھنے اور چیمبر کی فراہم کردہ سہولیات سے مستفید ہونے کے لیے مقررہ وقت کے اندر تمام قانونی ضابطے مکمل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں