42

ساکنان شہر قائد کا 31واں عالمی مشاعرہ برائے “امنِ عالم” 28 مارچ کو ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ساکنان شہر قائد کا عالمی مشاعرہ اب کراچی کی ثقافتی پہچان بن چکا ہے، اور اس سال 31واں مشاعرہ “امنِ عالم” کے عنوان سے منعقد ہوگا۔ یہ اعلان ساکنان شہر قائد کے سرپرست اعلی اور بانی ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

ڈاکٹر پیرزادہ نے بتایا کہ مشاعرہ 28 مارچ 2026 بروز ہفتہ شام 8 بجے ایکسپو سینٹر کراچی میں ممتاز شاعر افتخار عارف کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ اس میں پاکستان کے معروف شعراء کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے بھی نامور شعراء شرکت کریں گے۔

ساکنان شہر قائد کے منتظم اعلی محمود احمد خان نے کہا کہ عالمی حالات کے پیشِ نظر اس سال مشاعرے کا موضوع “امنِ عالم” رکھا گیا ہے۔ ہر سال 10 سے 15 ہزار سامعین اس مشاعرے میں شرکت کرتے ہیں، جسے پاکستان کے سب سے بڑے اور دنیا کے بڑے مشاعروں میں شمار کیا جاتا ہے۔

مشاعرے کے لیے سندھ حکومت کے تمام حساس اداروں سے NOC حاصل کر لیا گیا ہے اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شہر کے ساکنان سے درخواست کی گئی ہے کہ داخلہ اور پارکنگ بالکل مفت ہے، تاہم اپنے اصلی قومی شناختی کارڈ ساتھ لائیں۔

اس مشاعرے میں بیرونِ ملک سے شرکت کرنے والے شعراء میں شامل ہیں: فائقہ گل صاحبزادہ (برطانیہ)، ڈاکٹر نور امروہوی (امریکا)، نورین سیدہ (جرمنی)، حمیرہ گل تشنہ (امریکا)، نورین طلعت عروبہ (جرمنی)، تابش زیدی (دبئی)۔
اندورن ملک سے شامل شعراء میں ہیں: عباس تابش (لاہور)، وصی شاہ (لاہور)، شکیل جاذب (اسلام آباد)، ڈاکٹر رباب تبسم (اسلام آباد)، نصرت صدیقی (فیصل آباد)، افضل خان (بہاولپور)، عظمیٰ جون (سبی بلوچستان)، انور شعور، محمود شام، ڈاکٹراقبال پیرزادہ، خالد عرفان، سہیل احمد، فاضل جمیلی، دیگر کراچی کے معروف شعراء۔

مزید برآں، گزشتہ شب یونین کلب میں نوجوان شعراء کے لیے بھی خصوصی مشاعرہ “نوجوانان سخن وران ادب” منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کو سینئر شعراء نے سنا اور دل کھول کر داد دی۔

یہ مشاعرہ کراچی میں ثقافت اور ادب کے فروغ کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں