حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے کہا ہے کہ حیدرآباد کی بزنس کمیونٹی وزیرِ اعظم شہباز شریف، وزیرِ خارجہ اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف پاکستان آرمی کے عالمی سطح پر مؤثر اور متوازن کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
صدر چیمبر نے کہا کہ حالیہ بین الاقوامی حالات میں پاکستانی قیادت نے نہایت دانشمندانہ اور غیر جانبدارانہ سفارتکاری کا مظاہرہ کیا ہے، جس نے پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر منوایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حکمتِ عملی نے پاکستان کے عالمی وقار میں اضافہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کی راہیں ہموار کیں۔
محمد سلیم میمن نے زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششیں نہ صرف قابلِ ستائش ہیں بلکہ ملکی اور عالمی معیشت کے استحکام کے لیے بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کا براہِ راست اثر تجارت، سرمایہ کاری اور ملکی معیشت پر پڑتا ہے، اور پاکستانی قیادت کی ذمہ دارانہ کوششیں اسی استحکام کی ضمانت ہیں۔
صدر چیمبر نے اختتاماً کہا کہ حیدرآباد چیمبر پوری پاکستانی قیادت، خاص طور پر وزیرِ اعظم، وزیرِ خارجہ اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو ان کی قومی و عالمی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہے اور عزم ظاہر کرتا ہے کہ بزنس کمیونٹی ملک کے مثبت تشخص کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔


