لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)تحریک عوام پاکستان کے چیئرمین محمد زاہد اعوان نے 23 مارچ یومِ پاکستان کے تاریخی موقع پر پوری قوم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں محمد زاہد اعوان نے کہا کہ 23 مارچ وہ عظیم دن ہے جب لاہور کی تاریخی قراردادِ پاکستان کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کا خواب حقیقت کا روپ دھارنے لگا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور لاکھوں مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں، جدوجہد اور لازوال عزم کے نتیجے میں ہمیں یہ عظیم مملکت حاصل ہوئی۔
چیئرمین تحریک عوام پاکستان نے کہا کہ پاکستان کی روح، اتحاد، ایمان اور تنظیم، جو 1940 میں تھی، آج بھی زندہ و جاوید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ناقابلِ یقین مشکلات کا سامنا کیا، مگر ہر آزمائش میں اپنے نظریے کا پرچم سربلند رکھا، جوہری طاقت بنی، دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کیا اور مشکل حالات میں ایک دوسرے کا سہارا بنی۔
محمد زاہد اعوان کا کہنا تھا کہ یومِ پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان صرف ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ انصاف، مساوات، آزادی اور خودمختاری کے نظریے کا نام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئیے آج کے دن یہ عہد کریں کہ ہم ملک کی ترقی کے لیے بھرپور محنت کریں گے، نفرت اور تقسیم کے بجائے محبت اور اتحاد کو فروغ دیں گے، اپنے نوجوانوں کو علم، ہنر اور اخلاق سے آراستہ کریں گے اور سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھیں گے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان ایک مضبوط، خوشحال اور باوقار ملک بن کر دنیا میں اپنا مقام مزید مستحکم کرے گا۔


