حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شاہزیب چاچڑ کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک سادہ اور پروقار افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے اسٹیک ہولڈرز، اقلیتی نمائندگان، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، وکلاء برادری اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
تقریب میں کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی، ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن، ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ وکلاء برادری کی ممتاز شخصیات، جن میں ایاز حسین تنیو، عرفان علی بگھیو، سید وسیم شاہ، ہاشم لغاری، سید شہزاد علی شاہ، اشعر مجید کھوکھر اور امداد انڑ شامل تھے، نے بھی تقریب میں حصہ لیا۔
تقریب سے خطاب میں کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے ایس ایس پی حیدرآباد کی قیادت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں ان کی خدمات کو سراہا اور معاشرے میں باہمی احترام، برداشت اور ہمدردی کے فروغ پر زور دیا۔
ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو نے کمیونٹی انگیجمنٹ اور پولیس و وکلاء کے تعلقات کو قابلِ تحسین قرار دیا اور خصوصاً اقلیتی برادری کے جینڈر بیسڈ وائلنس (GBV) کے کیسز پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ پولیس بروقت اور مؤثر کارروائی کر سکے۔
ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کو سراہا اور ایس ایس پی حیدرآباد کی خدمات کو مثالی قرار دیا۔ وکلاء برادری کے نمائندگان نے بھی ایس ایس پی حیدرآباد کے کردار اور کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
شرکاء نے ایسے اقدامات کو بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی جانب ایک مثبت اور مؤثر قدم قرار دیا، اور تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں نے مشترکہ طور پر روزہ افطار کیا۔
یہ افطار تقریب لیگل ایڈ سوسائٹی (LAS) کے اشتراک سے منعقد کی گئی، جس میں صوبائی سربراہ دانش سومرو کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔ ایس ایس پی حیدرآباد کی قیادت میں یہ تقریب ضلع میں امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی ایک نمایاں اور قابلِ تقلید مثال ثابت ہوئی۔


