ایران اسرائیل کشیدگی: پاکستان میں پیٹرول کی قلت کا خدشہ؟

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور خلیجی ملکوں میں امریکی اڈوں پر حملوں کے باوجود پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ نہیں ہے۔

ترجمان اوگرا نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا معقول ذخیرہ موجود ہے اور موجودہ اسٹاک ملکی ضروریات سے زائد ہے۔ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کا 28 روز تک استعمال کے لیے ذخیرہ دستیاب ہے، جس سے عوام کی ایندھن کی ضروریات بلا رکاوٹ پوری کی جا سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی ایران کے صوبہ ہرمزگان میں واقع شہر میناب میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک پرائمری اسکول پر بمباری ہوئی، جس میں چالیس طالبات جاں بحق ہو گئیں۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات اور شمالی اسرائیل میں ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں افراد زخمی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔

ایران نے جواباً اسرائیل اور خلیجی ملکوں میں قائم امریکی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا، جن میں قطر، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین شامل ہیں۔ عالمی میڈیا کی توجہ اس وقت ایران-اسرائیل کشیدگی اور ممکنہ انسانی و عسکری اثرات پر مرکوز ہے۔

پاکستانی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پریشانی میں نہ آئیں اور فی الحال ایندھن کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں