لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پنجاب حکومت نےصوبے کے سرکاری تعلیمی نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری اسکولوں کو ٹھیکے پر دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان محکمہ اسکول ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مطابق اس فیصلے کے تحت صوبے بھر کے سرکاری اسکول نجی شعبے کے سپرد کیے جائیں گے، جس کے لیے باقاعدہ طور پر نجی اداروں اور افراد سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ مختلف اضلاع میں مزید 2 ہزار 735 سرکاری اسکول نجی افراد یا ادارے چلائیں گے، جبکہ ان اسکولوں کی نگرانی اور کارکردگی کا جائزہ متعلقہ حکومتی ادارے لیتے رہیں گے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا، طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور انتظامی امور میں بہتری لانا ہے۔
حکام کے مطابق اسکولوں کی نجکاری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور اساتذہ و طلبہ کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔ اس فیصلے پر تعلیمی حلقوں اور والدین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔


