کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے رہنما نوید نارو نے بدترین مہنگائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں گراں فروشوں کی غنڈہ گردی اور انتظامیہ کی عدم توجہی نے شہریوں کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، اشیائے خوردونوش، پھل، سبزی اور گوشت سمیت بنیادی اشیاء کی قیمتیں اتنی بڑھ گئیں کہ عام شہری خصوصاً متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں کو سمجھ نہیں آرہا کہ کیا کھائیں کس طرح کھائیں. گلشن اقبال میں دعوت افطار کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نوید نارو نے کہا کہ رمضان شروع ہوتے ہی پھلوں کی قیمتوں میں سو فیصد جبکہ ہفتہ وار اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 1.16 فیصد اضافہ ہوا جس کی وجہ سے سالانہ مہنگائی 5.19 فیصد تک پہنچ گئی ہے،اس وقت یہ صورتحال ہے کہ کراچی میں آٹے، چینی، دالوں اور گوشت سمیت دیگر اشیائے ضروریہ سرکاری نرخ نامے سے 30٪ سے زائد قیمت پر بیچی جا رہی ہیں۔نوید نارو نے کہا کہ رمضان میں عوام کو آسانیاں فراہم کرنا ریاست کی اخلاقی و آئینی ذمہ داری ہوتی ہے مگر افسوس کہ اس سال صورتحال پہلے سے بھی زیادہ خراب ہے، سرکاری نرخ نامہ بس ایک اعلان بن کر رہ گیا ہے جس پر عملدرآمد کرانے کی بجائے انتظامیہ اسے بلیک میلنگ کیلئے استعمال کر رہی ہے اور دکانداروں سے رشوت لے کر انہیں من مانی قیمتوں پر فروخت کی آزادی دی ہوئی ہے جس کا براہ راست اثر عام آدمی کی جیبوں پر پڑ رہا ہے. نوید نارو نے کہا جب تک پرائس کنٹرول،ضلعی کمیٹیاں فعال، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی نہیں کی جاتی تب سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہوسکتی، شہری حکومت گراں فروشوں کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ ماڈل بازاروں اور سستا بازاروں کو موثر بنائے تاکہ حقیقی رعایت عوام تک پہنچے. انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کے روحانی پیغام کے مطابق شہریوں کو ریلیف دینا ضروری ہے، حکومت وقت ضائع کیے بغیر اقدامات شروع کرے تاکہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات مل سکے۔
47


